نئی دہلی، 31؍جولائی(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کا ہدف عالمی چمپئن شپ کے اپنے دو کانسہ کے تمغوں میں اولمپک میڈل بھی جوڑنا ہے لیکن ان کا ماننا ہے کہ حالات سے مطابقت بیٹھانا اور میچ کی صورت حال کے مطابق کورٹ پر حکمت عملی میں تبدیلی کرنا ، ریو میں کامیابی کا فارمولہ ثابت ہوں گا ۔عالمی چمپئن شپ میں 2013اور 2014میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی سندھو نے کہاکہ حالات سے مطابقت بیٹھانا ضروری ہے، حالات ہمارے لیے دوستانہ ہونے چاہیے ، اس لیے ہم جلدی وہاں جا رہے ہیں، ہمیں نہیں پتہ کہ وہاں کے حالات کیسے ہوں گی، ہم وہاں ایک ہفتے تک پریکٹس کریں گے تاکہ کورٹ کے عادی بن سکیں۔اس لیے ریو میں یہ ضروری ہفتہ ہو گا ۔خواتین سنگلزمیں مقابلہ کے بارے میں اس 21سالہ حیدرآبادی کھلاڑی نے کہاکہ کوئی بھی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جسے تمغہ کا دعویدار مانا جا سکے۔کوئی بھی کسی کو شکست دے سکتا ہے اور یہ سب اس دن کی آپ کی کارکردگی پرمنحصر ہے۔انہوں نے کہاکہ میں ان سبھی کو پہلے شکست دے چکی ہوں اور اس سے میرا اعتماد بڑھا ہے لیکن اس سے مقابلہ مزید سخت بھی بن جاتا ہے کیونکہ مسلسل ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے سے وہ آپ کے اسٹروک کے بارے میں جانتے ہیں اور ہم ان کے کھیل کے بارے میں، اس لیے یہ سب کورٹ پر حکمت عملی تبدیل کرنے سے متعلق ہے،یہ ضروری ہو گا ۔سندھو پہلی بار اولمپکس میں حصہ لے رہی ہے۔